دہشت گردی کی منصوبہ بندی میں ملوث کالعدم تنظیم کے تین کارندوں کو سزا

دہشت گردی کی منصوبہ بندی میں ملوث کالعدم تنظیم کے تین کارندوں کو سزا

اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے دہشت گردی کی منصوبہ بندی میں ملوث کالعدم تنظیم کے تین کارندوں کو سزا سنا دی۔ عدالت نے مجرمان حسن محمد، سلمان خان اور محمد دانش کو سات، سات سال قید اور پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد، الیکٹرک ڈیٹونیٹرز، سیفٹی وائرز، سات سلنڈر، نٹ، بولٹس، بال بیرنگ، کیلیں اور بغیر لائسنس تیس بور پستول برآمد ہوئے تھے۔

پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان کے قبضے سے کالعدم تنظیم طالبان کے جھنڈے، جعلی شناختی کارڈز اور مختلف مقامات کے نقشے بھی برآمد کیے گئے۔ تفتیش کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملزمان جعلی کارڈز کے ذریعے خود کو خیبر پختونخوا پولیس کے افسران ظاہر کرتے تھے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والا دھماکا خیز مواد اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ان کے عزائم تخریبی کارروائیاں انجام دینے کے تھے۔ عدالت کے مطابق ملزمان نے کالعدم تنظیم سے وابستگی کا اعتراف بھی کیا، جبکہ وہ مقدمے میں اپنی غلط نامزدگی کے دعوے کو ثابت کرنے میں ناکام رہے۔

پراسیکیوشن کے مطابق رواں سال اپریل میں خفیہ اطلاع ملنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مویشی منڈی سہمانی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

More News