پاکستان میں ڈیجیٹل لین دین کرنے والوں کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی

پاکستان میں ڈیجیٹل لین دین کرنے والوں کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے گیٹس فاؤنڈیشن کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی، معاشی اصلاحات اور کیش لیس اکانومی کی جانب پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد کی قیادت صنفی مساوات ڈویژن کی صدر ڈاکٹر انیتا زیدی نے کی۔

ملاقات کے دوران گیٹس فاؤنڈیشن نے پاکستان میں جاری حکومتی اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کیش لیس پاکستان اور معاشی اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ فاؤنڈیشن نے کرانداز کے ذریعے پاکستان میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

بلال اظہر کیانی نے بتایا کہ ملک میں ڈیجیٹل لین دین کرنے والوں کی تعداد 5 لاکھ سے بڑھ کر 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ ان کے مطابق حکومت نے جون 2026 تک ڈیجیٹل لین دین سے متعلق مقررہ ہدف حاصل کرلیا ہے اور آئندہ اس تعداد میں مزید اضافے کا ہدف بھی حاصل کیا جائے گا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ راست کیو آر کے فروغ کے لیے حکومت نے ساڑھے 3 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی، جس کے نتیجے میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے استعمال میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کی دستاویز بندی، مالیاتی شمولیت اور سرکاری ادائیگیوں میں شفافیت و کارکردگی بڑھانے کے لیے اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

More News