پاکستان نے ون ڈے کرکٹ میں ایک ہزار میچز کا تاریخی سنگ میل عبور کر لیا
پاکستان کرکٹ ٹیم نے ون ڈے انٹرنیشنل (ODI) کرکٹ کی تاریخ میں ایک اہم اور یادگار سنگ میل عبور کرتے ہوئے اپنے ایک ہزار میچز مکمل کر لیے ہیں۔ اس اعزاز کے ساتھ پاکستان آسٹریلیا اور بھارت کے بعد دنیا کی تیسری ٹیم بن گئی ہے جس نے ون ڈے کرکٹ میں ایک ہزار میچز کھیلنے کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔
پاکستان نے اپنے ایک ہزار ون ڈے میچز میں مجموعی طور پر 527 فتوحات حاصل کیں جبکہ 442 مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ چند میچز بے نتیجہ بھی رہے۔ یہ اعداد و شمار پاکستان کی ون ڈے کرکٹ میں طویل اور شاندار تاریخ کی عکاسی کرتے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے سب سے زیادہ 160 ون ڈے میچز سری لنکا کے خلاف کھیلے، جن میں سے 96 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 59 میچز میں شکست ہوئی۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف 141 میچز میں پاکستان نے 64 فتوحات سمیٹیں اور 73 مرتبہ ناکامی کا سامنا کیا۔ روایتی حریف بھارت کے خلاف پاکستان نے 136 ون ڈے مقابلے کھیلے، جن میں 73 میچز جیتے اور 58 میں شکست ہوئی۔
بیٹنگ کے میدان میں پاکستان کا سب سے بڑا ون ڈے اسکور 399 رنز ہے، جو 2018 میں زمبابوے کے خلاف بنایا گیا تھا۔ دوسری جانب پاکستان کا کم ترین ون ڈے اسکور 43 رنز ہے، جو 1993 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ریکارڈ ہوا۔ پاکستان کے خلاف کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا مجموعہ انگلینڈ کے 444 رنز ہیں، جبکہ افغانستان کی ٹیم پاکستان کے خلاف صرف 59 رنز بنا سکی، جو کم ترین اسکور ہے۔
ٹیم کی سب سے بڑی فتح آئرلینڈ کے خلاف 255 رنز سے رہی، جبکہ سب سے بڑی شکست سری لنکا کے ہاتھوں 234 رنز سے ہوئی۔ انفرادی کارکردگیوں میں سابق کپتان انضمام الحق 11,739 رنز کے ساتھ پاکستان کے کامیاب ترین ون ڈے بلے باز ہیں، جبکہ محمد یوسف 9,720 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
بولنگ کے شعبے میں لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم 502 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں، جبکہ وقار یونس 416 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ سنچریوں کے اعتبار سے سعید انور اور بابر اعظم 20،20 سنچریاں بنا کر مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر ہیں۔ فخر زمان کی زمبابوے کے خلاف 210 رنز کی ناقابل شکست اننگز پاکستان کی جانب سے سب سے بڑی انفرادی ون ڈے اننگز ہے، جبکہ شاہد آفریدی کی 12 رنز دے کر 7 وکٹوں کی شاندار کارکردگی پاکستان کی بہترین ون ڈے بولنگ پرفارمنس تصور کی جاتی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کا یہ تاریخی سنگ میل ملک کی کرکٹ تاریخ میں ایک اہم باب کا اضافہ ہے اور مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔








