پشاور: مچنی گیٹ پولیس اور اشتہاری ملزمان میں مبینہ مقابلہ، فائرنگ میں ملزم کا ساتھی ہلاک
پشاور میں مچنی گیٹ پولیس اور اشتہاری ملزمان کے درمیان مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ مطلوب اشتہاری ملزم سیفور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق پجگی ڈاگ لارا کے علاقے میں مطلوب اشتہاری ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، جس پر پولیس کی جانب سے بھی جوابی کارروائی کی گئی۔
پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد سرچ آپریشن کیا گیا، جس دوران ایک ملزم کی لاش برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت محمد سیف اللہ ولد حبیب الرحمن کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق کاکشال کے علاقے سے بتایا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ محمد سیف اللہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا، جبکہ پولیس کو مطلوب اشتہاری ملزم سیفور فائرنگ کے بعد فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق سیفور دہشت گردی، اغوا، قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب ہے۔ اس کی گرفتاری کے لیے پولیس نے کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔








