پشاور میں ایل پی جی مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 4 پلانٹس اور 40 دکانیں سیل
پشاور: ضلعی انتظامیہ نے ایل پی جی مقررہ سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے چار ایل پی جی پلانٹس اور 40 دکانیں سیل کردیں، جبکہ متعدد مالکان اور دکانداروں کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ اس دوران رنگ روڈ پر واقع ایکسپریس ایل پی جی پلانٹ، میرا کچوڑی میں اے کے ایل پی جی پلانٹ، جی ٹی روڈ جھگڑا پر علی برادرز ایل پی جی پلانٹ اور چمکنی میں وولف ایل پی جی پلانٹ کو سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر گیس فروخت کرنے اور دیگر خلاف ورزیوں پر سیل کیا گیا۔
انتظامیہ کے مطابق کارروائی کے دوران متعلقہ پلانٹس کے مالکان کو بھی گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
دوسری جانب ضلع بھر میں اشیائے ضروریہ کی زائد قیمتوں پر فروخت کے خلاف بھی کارروائیاں کی گئیں۔ تحصیل متنی میں 8، شاہ عالم میں 9، صدر میں 11 اور سٹی ڈویژن میں 12 دکانیں سیل کی گئیں۔ اس طرح مجموعی طور پر 40 دکانوں کو بند کردیا گیا، جبکہ متعدد دکانداروں کو بھی گرفتار کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر آفاق وزیر نے واضح کیا ہے کہ عوام کو ایل پی جی اور دیگر ضروری اشیائے خوردونوش سرکاری نرخوں پر فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوری اور گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انتظامیہ کے مطابق قیمتوں پر کنٹرول اور سرکاری نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے نگرانی کا عمل مزید سخت کیا جا رہا ہے۔








