اے آر ڈی سی قیادت کی کوہاٹ میں پولیس اہلکاروں پر حملے کی مذمت، شہداء کو خراجِ عقیدت
پشاور: چیئرمین ایریا ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈویلپمنٹ کونسل (اے آر ڈی سی) انجینئر شوکت اللہ اور نائب چیئرمین ملک خان مرجان نے کوہاٹ میں پولیس اہلکاروں پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انجینئر شوکت اللہ نے کہا کہ دہشت گرد حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے۔ ملک و قوم کی حفاظت اور امن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکاروں پر پوری قوم کو فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اور سکیورٹی اداروں کے اہلکار عوام کے تحفظ کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں، ان کی خدمات اور لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
نائب چیئرمین اے آر ڈی سی ملک خان مرجان نے کہا کہ پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
واضح رہے کہ 11 نومبر کو کوہاٹ کے علاقے گمبٹ میں غیرقانونی سونے کی کان کنی کے خلاف کارروائی کے لیے جانے والی پولیس پارٹی پر حملہ کیا گیا تھا۔ حملے میں متعدد پولیس اہلکار شہید اور زخمی ہوئے، جبکہ پولیس کی گاڑیوں کو بھی نذرِ آتش کیا گیا








