پشاور ہائیکورٹ میں لاپتا وکیل میر اعجاز کیس کی سماعت
پشاور ہائیکورٹ نے مردان سے لاپتا وکیل میر اعجاز کی بازیابی سے متعلق درخواست نمٹا دی۔ چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے کیس کی سماعت کی۔
آر پی او مردان کے مطابق وکیل اعجاز خان 17 ستمبر کو رشکئی جاتے ہوئے مبینہ طور پر لاپتا ہوئے، جس کا مقدمہ 21 ستمبر کو درج کیا گیا۔ تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے، جبکہ وکلا کو اپنے اداروں اور پولیس پر اعتماد رکھنا چاہیے اور انہیں تحقیقات کا موقع دینا چاہیے۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ نگرانی کے لیے ڈی پی پی دفاتر سمیت مختلف مقامات پر کیمرے نصب کیے گئے ہیں اور نظام کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔








