پاکستانی فضائی حدود میں 8 ڈرونز کی مبینہ دراندازی ناکام، تمام ڈرونز مار گرائے گئے
پشاور: سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آج صبح افغانستان کی جانب سے 8 ڈرونز نے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم افواج پاکستان کے فعال ایئر ڈیفنس نظام نے تمام ڈرونز مار گرائے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 4 ڈرونز طورخم بارڈر سے ملحقہ علاقوں جبکہ دیگر 4 ڈرونز کوہاٹ سے متصل سرحدی پہاڑی علاقوں میں گرائے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان اور پاک فضائیہ نے عوامی مقامات کو نشانہ بنانے کی مبینہ کوشش کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
ذرائع کے مطابق ڈرونز کی یہ مبینہ دراندازی ایسے وقت میں ہوئی جب پاک افغان سرحد پر کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ یہ واقعہ افغان طالبان کی جانب سے دہشت گرد عناصر کی مبینہ معاونت اور سرپرستی کی ایک اور مثال ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات کرم سیکٹر میں بھی افغان جانب سے فائرنگ کے جواب میں کارروائی کی گئی، جس کے دوران متعدد مبینہ مورچوں اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان ملک اور عوام کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں جبکہ سرحدی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔








