پنجاب میں نیا نصاب منظور، نصابی کتب کا بوجھ 25 فیصد کم کرنے کا فیصلہ

پنجاب میں نیا نصاب منظور، نصابی کتب کا بوجھ 25 فیصد کم کرنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سرکاری سکولوں کے لیے نئے نصاب کی باضابطہ منظوری دے دی، جس کے تحت نصابی کتب کا بوجھ 25 فیصد کم کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کو تعلیم کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت تعلیمی اصلاحات سے متعلق اجلاس میں نئے نصاب پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں انگلش، میتھ، سوشل سٹڈیز، اردو اور ارلی چائلڈ ہوڈ کریکولم کا جائزہ لیا گیا۔ حکام کے مطابق نئے نصاب کا مقصد طلبہ میں رٹے کے رجحان کی حوصلہ شکنی اور تعلیمی بنیاد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

نئے نصاب کے تحت ہر نصابی کتاب میں کیو آر کوڈ شامل کیا جائے گا، جسے سکین کرنے کے بعد طلبہ متعلقہ موضوع سے متعلق ویڈیو سبق دیکھ سکیں گے۔ مریم نواز نے پہلی سے بارہویں جماعت تک اے آئی نصاب تیار کرنے کی ہدایت بھی کی اور سکولوں میں جدید لیبارٹریز کے قیام پر زور دیا۔

اجلاس میں اساتذہ کے لیے مینٹل ہیلتھ ٹریننگ شروع کرنے اور ہر ضلع میں وزیٹنگ فیکلٹی سائیکالوجسٹ کی تعیناتی کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ طلبہ کے لیے آن لائن کونسلنگ کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت جبکہ سکولوں میں جسمانی سزا کے خاتمے کے لیے قانون سازی پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پرائمری سکولوں پر خصوصی توجہ اور ڈیجیٹل لٹریسی میں اضافے سے بچوں کی تعلیمی بنیاد مزید مضبوط بنائی جا سکتی ہے۔

More News