پمز سانحہ: وفاقی سرکاری اسپتالوں میں فوری فائر سیفٹی آڈٹ کا حکم
اسلام آباد: پمز سانحے کے بعد وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی ہدایت پر وفاق کے زیرانتظام تمام سرکاری اسپتالوں میں فوری فائر سیفٹی آڈٹ کرانے کا حکم دے دیا گیا۔
وزارت صحت کے مطابق آڈٹ مجاز اور ماہر فائر سیفٹی کمپنیوں کے ذریعے کیا جائے گا، جس میں فائر الارم، آگ بجھانے کے آلات، ہنگامی راستوں اور انخلا کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔
اس کے علاوہ بجلی کے نظام اور دیگر ممکنہ فائر خطرات کی جانچ کے ساتھ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اسپتال عملے کی تیاری بھی دیکھی جائے گی۔
وزارت صحت نے ہدایت کی ہے کہ آڈٹ کے دوران سامنے آنے والی جان و مال کے لیے خطرناک خامیوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے۔
تمام اسپتالوں کو آڈٹ شروع ہونے، متعلقہ کمپنی اور تکمیل کی متوقع تاریخ سے وزارت صحت کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کو سرکاری و نجی صحت اداروں میں فائر سیفٹی آڈٹ شروع کرانے اور اس کی تصدیق کی ذمہ داری بھی سونپ دی گئی ہے







