پنجاب میں تمام پبلک ٹرانسپورٹ ایک ماہ کیلئے مفت کرنے کا اعلان

پنجاب میں تمام پبلک ٹرانسپورٹ ایک ماہ کیلئے مفت کرنے کا اعلان

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں چلنے والی تمام پبلک ٹرانسپورٹ ایک ماہ کے لیے مفت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد حالیہ مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام کو درپیش مشکلات میں کمی لانا ہے۔

وزیراعلیٰ کے احکامات کے بعد پنجاب کے مختلف شہروں میں چلنے والی اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس سروس، اسپیڈو بس اور گرین الیکٹرو بس میں سفر کرنے والے مسافروں کو ٹکٹ خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ شہری ایک ماہ تک ان سروسز سے بلا معاوضہ استفادہ کر سکیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ مشکل حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ غیر معمولی حالات کے پیش نظر ذاتی گاڑیوں کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال بڑھائیں تاکہ ایندھن کی بچت بھی ہو اور شہریوں کو سفری سہولت بھی میسر آئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کاشتکاروں کے لیے بھی ریلیف پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو فی ایکڑ ایک لیٹر ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ زرعی شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور حکومت کسانوں کو درپیش مشکلات کم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

انہوں نے عالمی معاشی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنگی حالات اور بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کئی ممالک معاشی دباؤ کا شکار ہیں۔ تاہم پنجاب حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور حالات بہتر ہوتے ہی مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے وزیراعظم شہباز شریف کے اقدامات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ کے دوران اربوں روپے کا ریلیف دے کر عوام کو مشکلات سے بچانے کی کوشش کی گئی۔ ان کے مطابق وفاق اور صوبائی حکومتیں مل کر عوامی فلاح کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد عوامی سطح پر تشویش پائی جا رہی تھی۔ ایسے میں پنجاب حکومت کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ مفت کرنے کا اعلان شہریوں کے لیے اہم ریلیف قرار دیا جا رہا ہے۔

More News