پوٹھوہار اور بالائی خیبر پختونخوا میں 17 ستمبر تک شدید بارش کا الرٹ
اسلام آباد: نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے خطہ پوٹھوہار اور بالائی خیبر پختونخوا میں 14 سے 17 ستمبر تک گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
الرٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور شہری علاقوں میں مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
بالائی خیبر پختونخوا کے اضلاع دیر، سوات، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، صوابی، مردان، پشاور اور ملحقہ علاقوں میں بھی شدید بارش کا امکان ہے۔
پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ تیز ہونے، مقامی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ شدید بارش کے دوران نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور آبی گزرگاہوں سے دور رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں بارش برسانے والا سلسلہ تشکیل پا رہا ہے۔ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، ٹیکسلا، واہ کینٹ اور گردونواح میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔






