وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ہفتہ وار تعین کی منظوری دے دی

اسلام آباد: وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ہفتہ وار تعین کی منظوری دے دی

اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹاک اور کھپت کے حوالے سے کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر خزانہ نے موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ہفتہ وار تعین کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں، جنہیں وزیراعظم نے منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے ورک فرام ہوم اور تعلیمی اداروں میں ورچوئل کلاسز کے نظام کے لیے بھی تجاویز تیار کرنے کی ہدایات دی ہیں، تاکہ ایندھن کے ذخائر کا مؤثر استعمال ممکن ہو اور طلب میں کمی لائی جا سکے۔ وزیر خزانہ کو ہدایت دی گئی کہ وہ صوبوں سے مشاورت کے بعد پیر تک ورک فرام ہوم کے حوالے سے حتمی پروپوزل پیش کریں۔

وزارت پیٹرولیم نے اجلاس میں بتایا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے اور ضروریات کو پورا کرنے میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور ایسے پیٹرول پمپس کے لائسنس فوری منسوخ کیے جائیں جو مصنوعی قلت پیدا کرنے میں ملوث ہوں۔

مزید برآں وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی نقل و حرکت کے لیے ایک ریئل ٹائم ڈیش بورڈ بنانے کی ہدایت دی، جس کے ذریعے صوبوں کے ساتھ ڈیٹا شیئر کیا جائے اور سپلائی چین کی نگرانی ممکن ہو۔ وزیر پیٹرولیم کو بھی ہدایت دی گئی کہ وہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ایندھن کی بچت اور عوام تک بلا تعطل فراہمی کے لیے لائحہ عمل تیار کریں۔

 

More News