پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج
لاہور: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔
جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی جانب سے دائر کردہ متفرق درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام پر اضافی معاشی بوجھ ڈالا گیا ہے، جس کے باعث مہنگائی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو غیر قانونی قرار دیا جائے اور اسے کالعدم کیا جائے۔
درخواست گزار کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عام شہری کی زندگی پر براہ راست اثر انداز ہو رہا ہے اور یہ اقدام معاشی دباؤ کو مزید بڑھا رہا ہے۔
عدالت سے اس معاملے پر فوری سماعت اور حکومتی پالیسی کا قانونی جائزہ لینے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔








