رزمک بازار میں کارروائی، زائدالمیعاد اور غیر قانونی ادویات کی بھاری مقدار برآمد

رزمک بازار میں کارروائی، زائدالمیعاد اور غیر قانونی ادویات کی بھاری مقدار برآمد

شمالی وزیرستان کی تحصیل رزمک کے بازار میں انتظامیہ نے غیر قانونی، زائدالمیعاد اور فروخت کے لیے ممنوع ادویات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ادویات برآمد کرلیں، جنہیں موقع پر ہی تلف کردیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان محمد تیمور خان آفریدی کی ہدایات اور اسسٹنٹ کمشنر رزمک طفیل محمد کی نگرانی میں نائب تحصیلدار رزمک غنی الرحمن وزیر نے ایریا محرر احمد الدین کے ہمراہ خفیہ گوداموں پر چھاپے مارے۔

کارروائی کے دوران زائدالمیعاد، غیر قانونی اور ایسی ادویات برآمد ہوئیں جن پر “Not for Sale” درج تھا۔ انتظامیہ نے برآمد شدہ ادویات کو موقع پر ہی تلف کردیا۔

اس موقع پر نائب تحصیلدار غنی الرحمن وزیر نے میڈیکل اسٹور مالکان کو ہدایت کی کہ وہ غیر قانونی ادویات کی خرید و فروخت اور ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

انتظامیہ نے واضح کیا کہ شہریوں کی صحت کے تحفظ اور غیر قانونی ادویات کی فروخت روکنے کے لیے ایسی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

More News