چھوٹے دکانداروں کیلئے خصوصی ٹیکس اسکیم کا نوٹیفکیشن جاری

چھوٹے دکانداروں کیلئے خصوصی ٹیکس اسکیم کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے چھوٹے دکانداروں اور انفرادی تاجروں کی سہولت کیلئے خصوصی ٹیکس طریقہ کار کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے تحت سالانہ 20 کروڑ روپے تک کاروبار کرنے والے اہل تاجر اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

ایف بی آر کے مطابق خصوصی ٹیکس طریقہ کار صرف ٹیکس سال 2026 کیلئے نافذ ہوگا، جس کے تحت تاجروں کو اپنے مجموعی کاروبار پر ایک فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ ریٹرن جمع کراتے وقت کم از کم 25 ہزار روپے نقد ٹیکس کی ادائیگی لازمی قرار دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پہلے سے کٹا ہوا ودہولڈنگ ٹیکس قابل ادائیگی ٹیکس سے منہا کیا جاسکے گا، تاہم کسی بھی صورت میں اضافی رقم واپس نہیں کی جائے گی۔ اہل دکاندار آئی آر آئی ایس پورٹل، موبائل ایپ یا قریبی ٹیکس دفتر کے ذریعے رجسٹریشن کراسکیں گے۔

اس اسکیم میں شامل تاجروں کو عمومی طور پر آڈٹ سے استثنیٰ حاصل ہوگا جبکہ انہیں پی او ایس نظام اور ڈیجیٹل انوائسنگ کی شرط سے بھی مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ تاہم غیر معمولی مالیاتی لین دین یا اسکیم کے غلط استعمال کی صورت میں ایف بی آر کارروائی کرسکے گا۔

ایف بی آر کے مطابق رجسٹرڈ اہل دکانداروں کو کیو آر کوڈ والی خصوصی گرین پلیٹ بھی جاری کی جائے گی۔ مقررہ تاریخ تک ریٹرن جمع نہ کرانے یا اسکیم کا انتخاب نہ کرنے والے تاجروں پر 10 ہزار سے 50 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جاسکے گا۔

More News