چھ بچے ہیں، مزید نہیں پال سکتی، ماں نے دو ماہ کے بچے کو برساتی نالے میں پھینک دیا
مری کے علاقے یو سی مسیاڑی کے گاؤں گوہڑہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر ایک ماں نے 2 ماہ کے بچے کو برساتی نالے میں پھینک دیا۔ ڈی پی او مری کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق بچے کی لاش برساتی نالے سے نکال لی گئی، جبکہ واقعے کے بعد بچے کے والدین کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے ابتدائی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ڈی پی او مری کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں ملزمہ ماں نے مبینہ طور پر بیان دیا کہ اس کے پہلے ہی 6 بچے ہیں اور وہ مزید بچے پالنے کے قابل نہیں۔ پولیس کی جانب سے واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں قانونی کارروائی جاری ہے اور مزید تحقیقات کے بعد واقعے سے متعلق حقائق سامنے لائے جائیں گے۔







