وزیراعظم کا عوام کو فیول سبسڈی نہ دینے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم

وزیراعظم کا فیول سبسڈی نہ دینے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے فیول ریلیف پروگرام کے تحت مستحق شہریوں کو سبسڈی فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ وزیراعظم نے پروگرام کی پیشرفت اور شفافیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مستحقین کو سہولت کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں حکام نے اسکیم پر عمل درآمد، رجسٹریشن اور مستحق شہریوں کو سبسڈی کی ادائیگیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جو پیٹرول پمپس مستحق شہریوں کو فیول سبسڈی کی سہولت فراہم نہیں کررہے، ان کے لائسنس منسوخ کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن اور سبسڈی کے حصول کا طریقہ کار آسان بنانے سے شہریوں کی رجسٹریشن میں اضافہ ہوا ہے اور مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ رجسٹریشن اور سبسڈی کے حصول کے طریقہ کار کو سہل بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں اسکیم سے مستفید ہونے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا۔ رجسٹرڈ افراد میں ایک کروڑ 50 لاکھ 60 ہزار موٹر سائیکل مالکان جبکہ 449 ہزار 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان شامل ہیں۔

حکام کے مطابق 4 نومبر 2026 تک فیول سبسڈی اسکیم کے تحت مجموعی طور پر ایک کروڑ 55 لاکھ 9 ہزار 282 مستحق شہری رجسٹر ہوچکے ہیں، جبکہ انہیں اب تک 28 ارب 60 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کی جاچکی ہیں۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت اب تک 6 کروڑ 31 لاکھ 53 ہزار 685 ٹوکن جاری کیے گئے، جن میں سے 5 کروڑ 94 لاکھ 45 ہزار 347 ٹوکن استعمال ہوچکے ہیں۔

صارفین اور پیٹرول پمپ مالکان کو معلومات فراہم کرنے اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے الگ الگ کال سینٹرز بھی فعال کردیے گئے ہیں۔

وزیراعظم نے پروگرام میں شفافیت برقرار رکھنے اور مستحق شہریوں کو بلا رکاوٹ سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ اسکیم پر عمل درآمد میں غفلت یا مستحقین کو سہولت سے محروم رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

More News