کراچی: یونیورسٹی روڈ پر اہم ایلیویٹڈ یوٹرن ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا

کراچی: یونیورسٹی روڈ پر اہم ایلیویٹڈ یوٹرن ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا

کراچی میں شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے یونیورسٹی روڈ پر بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کے تحت تعمیر کیا گیا اہم ایلیویٹڈ یوٹرن ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ جامعہ کراچی کے قریب تعمیر ہونے والے اس یوٹرن سے شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بہتر ہونے اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت ملنے کی توقع ہے۔

ایلیویٹڈ یوٹرن کی افتتاحی سہولت کے بعد یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کے دباؤ میں کمی لانے میں مدد ملے گی، جبکہ شہریوں کو یوٹرن لینے کے لیے متبادل راستوں اور طویل چکروں سے بھی نجات ملنے کی امید ہے۔

ٹرانس کراچی، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) اور حکومت سندھ کی جانب سے بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے پر کام تیز کرنے اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے پر گزشتہ چار سال سے تعمیراتی کام جاری ہے۔ اس دوران یونیورسٹی روڈ کا 80 فیصد سے زائد حصہ بحال کیا جا چکا ہے، تاہم منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کے باعث شہریوں کو طویل عرصے سے ٹریفک مشکلات کا سامنا ہے۔

صوبائی حکومت نے یونیورسٹی روڈ کا 100 فیصد تعمیراتی کام 15 ستمبر تک مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، تاہم مقررہ مدت گزرنے کے باوجود یہ ہدف حاصل نہیں کیا جا سکا۔ شہری اب منصوبے کی جلد تکمیل اور مستقل سفری سہولیات کے منتظر ہیں۔

More News