چیف الیکشن کمشنر کی تقرری، حکومت اور اپوزیشن میں مشاورت کا آغاز
چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مشاورت کا آغاز ہوگیا ہے۔ اس حوالے سے قائد حزب اختلاف راجہ ناصر عباس کے چیمبر میں اپوزیشن رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا، جس میں محمود خان اچکزئی، بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت 27 ستمبر کو ہونے والے احتجاج کی تیاریوں پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کو 27 ستمبر کے احتجاج کے لیے بھرپور تیاری کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
اپوزیشن رہنماؤں نے ملک کے بگڑتے ہوئے حالات کے پیش نظر دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے کرنے اور آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا فیصلہ کیا۔ ذرائع کے مطابق 15 ستمبر کو تحریک تحفظ آئین کا اجلاس بھی ہوگا، جس میں اے پی سی کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے معاملے پر وزیراعظم کی جانب سے لکھے گئے خط کا جواب دے دیا ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم سے مشاورت کے لیے دن اور وقت مقرر کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن رہنما محمود خان اچکزئی نے دیگر اپوزیشن رہنماؤں سے مشاورت کے بعد وزیراعظم کے خط کا جواب دیا۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان آئینی تقاضوں کے مطابق مشاورت کے آئندہ مرحلے میں چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے معاملے پر پیش رفت متوقع ہے۔








