وزیراعلیٰ مریم نواز کا قائداعظم محمد علی جناحؒ کو خراجِ عقیدت
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم کی بصیرت افروز قیادت اور سیاسی حکمت عملی نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا اور قیامِ پاکستان کی راہ ہموار کی۔
مریم نواز نے کہا کہ قائداعظم نے اپنی اعلیٰ سیاسی بصیرت اور دوراندیشی سے مسلمانوں کو متحد ہوکر جدوجہد کرنے کا حوصلہ دیا۔ ان کی قیادت میں مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن کے حصول کے لیے منظم اور پُرامن سیاسی جدوجہد کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ قائداعظم کی سیاسی بصیرت اور دوراندیشی کے باعث پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔ انہوں نے شہریوں کے لیے بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب آزادی کے سنہری اصول وضع کیے، جو آج بھی پاکستان کی بنیادی اقدار میں شامل ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ قائداعظم کے وژن کے مطابق پاکستان کو ایک حقیقی فلاحی ریاست بنانا ہمارا عزم ہے۔ ان کے افکار اور اصولوں پر عمل کرکے ملک کو ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے لیے بلندیِ درجات کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ بانیِ پاکستان کی مغفرت فرمائے اور انہیں جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین۔








