ڈی ایچ او شانگلہ کا یونین کونسل ڈھیرئی کا دورہ، HPV ویکسینیشن مہم کی نگرانی

ڈی ایچ او شانگلہ کا یونین کونسل ڈھیرئی کا دورہ، HPV ویکسینیشن مہم کی نگرانی

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر شانگلہ ڈاکٹر نذر محمد نے HPV ویکسینیشن مہم کے پہلے روز یونین کونسل ڈھیرئی کا دورہ کیا اور مختلف ویکسینیشن ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران ڈاکٹر نذر محمد نے فیلڈ میں کام کرنے والی ٹیموں کی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور مہم کے تحت ویکسینیشن کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر انہوں نے ویکسین کی محفوظ ترسیل اور معیار برقرار رکھنے کے لیے کولڈ چین سسٹم کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے ویکسین کے ذخیرے، درجہ حرارت کی نگرانی، ریکارڈ کی دستیابی اور دیگر ضروری انتظامات کا بھی جائزہ لیا تاکہ ویکسین کی حفاظت اور مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے ویکسینیشن ٹیموں کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران مقررہ طریقہ کار اور حفاظتی اصولوں پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔ انہوں نے ٹیموں پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دیں اور ویکسینیشن کے عمل میں کسی قسم کی غفلت نہ برتیں۔

ڈاکٹر نذر محمد نے مہم کی کامیابی کے لیے فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی، نگرانی اور ریکارڈ کی درست تکمیل کو اہم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ویکسین کی محفوظ فراہمی اور درست طریقے سے استعمال کے لیے تمام انتظامات پر کڑی نظر رکھنا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ شانگلہ سمیت مختلف علاقوں میں HPV ویکسینیشن مہم کے ذریعے مقررہ عمر کی بچیوں کو ویکسین فراہم کی جا رہی ہے۔ محکمہ صحت کی ٹیمیں مہم کے دوران مختلف یونین کونسلز میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔

 

More News