تیراہ کے 18 ہزار بے گھر افراد کی واپسی کی اجازت خوش آئند پیش رفت ہے، انجینئر شوکت اللہ
علاقائی ترقیاتی کونسل کے چیئرمین انجینئر شوکت اللہ اور ڈپٹی چیئرمین ملک خان مرجان نے تیراہ کے متاثرہ خاندانوں کو اپنے آبائی علاقوں میں واپسی کی اجازت ملنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے قبائلی عوام کے دیرینہ مطالبے کی تکمیل کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
انجینئر شوکت اللہ نے کہا کہ تیراہ کے تقریباً 18 ہزار بے گھر افراد کو اپنے آبائی علاقوں میں واپسی کی اجازت ملنا خوش آئند ہے۔ متاثرہ خاندان طویل عرصے سے اپنے گھروں کو واپس جانے کے خواہش مند تھے اور اس حوالے سے مقامی عمائدین اور متاثرہ افراد نے ضلع خیبر کے دورے کے دوران بھی اپنا مطالبہ ان کے سامنے رکھا تھا۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی ترقیاتی کونسل نے تیراہ کے متاثرین کی واپسی کا معاملہ متعلقہ حکام کے سامنے مؤثر انداز میں اٹھایا اور مسلسل کوششوں، رابطوں اور مشاورت کے نتیجے میں یہ اہم فیصلہ ممکن ہوا۔ ان کے مطابق قبائلی عوام کو درپیش مسائل کا حل اور ان کی مشکلات کا ازالہ علاقائی ترقیاتی کونسل کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
ڈپٹی چیئرمین ملک خان مرجان نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کا بنیادی مطالبہ تھا کہ ہر خاندان کے کم از کم ایک فرد کو اپنے علاقے میں واپس جانے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ اپنے خالی گھروں کی دیکھ بھال کرسکیں اور مویشیوں سمیت دیگر ضروریات کا خیال رکھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ کونسل کے قیام کے بعد قبائلی عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات سامنے آنا حوصلہ افزا ہے۔ تیراہ کے متاثرین کی واپسی کا فیصلہ نئے انتظامی اور ترقیاتی نظام کی افادیت کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
ملک خان مرجان کے مطابق عوام دوست فیصلوں سے ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ اور علاقائی ترقیاتی کونسل پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور علاقے میں معمولاتِ زندگی کی بحالی کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
انجینئر شوکت اللہ اور ملک خان مرجان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قبائلی عوام کی بحالی، پائیدار امن اور ترقی کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون اور رابطوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔








