کراچی سے سعودی عرب جانے والوں کیلئے بڑی خوشخبری، ویکسینیشن شرط میں نرمی
کراچی: سعودی عرب سفر کرنے والے پاکستانی مسافروں کے لیے بڑی سہولت فراہم کردی گئی، سفر سے قبل چار ویکسین لگوانے کی لازمی شرط میں 25 ستمبر تک عارضی نرمی کردی گئی ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
انچارج ویکسینیشن سینٹر ڈاکٹر شازیہ آصف کے مطابق 25 ستمبر سے قبل عمرہ زائرین اور وزٹ ویزا پر سعودی عرب جانے والے افراد ویکسی نیشن کے بغیر بھی سعودی عرب کا سفر کرسکیں گے۔ اس سے قبل چار ویکسین کی لازمی شرط کا اطلاق 14 ستمبر سے ہونا تھا۔
ذرائع کے مطابق سعودی حکومت کی ہدایت پر حکومت پاکستان نے سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لیے چار ویکسین لازمی قرار دی تھیں۔ ان میں گردن توڑ بخار، انفلوئنزا، پولیو اور ییلو فیور کی ویکسین شامل ہیں۔
حکام کے مطابق ویکسی نیشن کی شرط مکمل طور پر نافذ ہونے کے بعد کراچی سے حجاز مقدس جانے والے مسافروں کے لیے نادرا سے تصدیق شدہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ ساتھ رکھنا ضروری ہوگا۔
ویکسی نیشن پروگرام میں عارضی نرمی سے عمرہ زائرین اور وزٹ ویزا پر سعودی عرب جانے والے پاکستانی مسافروں کو فوری ریلیف مل گیا ہے۔ متعلقہ حکام کے مطابق مسافروں کو نئی ہدایات پر عمل کرنے اور سفر سے قبل ویکسی نیشن سے متعلق تازہ ترین ضوابط کی تصدیق کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





