کراچی میں آندھی اور بارش تباہی مچا گئی، مختلف حادثات میں 19 افراد جاں بحق، 60 زخمی
کراچی:ویب ڈیسک
شہر میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں 19 افراد جاں بحق جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوگئے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، سرجانی، ایف بی ایریا، صدر، کلفٹن اور گلشن اقبال سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شارع فیصل پر ہوا کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ ماڑی پور میں 97 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث متعدد درخت اور بل بورڈز گر گئے اور ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا۔
ریسکیو حکام کے مطابق بلدیہ مواچھ گوٹھ کے قریب دیوار گرنے سے 13 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دیگر واقعات میں قائد آباد، کورنگی، ملیر اور مختلف علاقوں میں دیواریں اور چھتیں گرنے، درخت گرنے اور آسمانی بجلی گرنے سے بھی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی کی ہدایت کی جبکہ وزیر داخلہ سندھ اور میئر کراچی نے جائے وقوعہ کا دورہ کرکے امدادی کام تیز کرنے کی ہدایت دی۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے، جبکہ عید کے موقع پر بھی ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔








