کراچی کو وفاق کے ماتحت کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں, احسن اقبال

کراچی کو وفاق کے ماتحت کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، احسن اقبال

اسلام آباد:ویب ڈیسک

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے واضح کیا ہے کہ کراچی کو وفاق کے ماتحت کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے گردش کرنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ این ایف سی ایوارڈ فارمولے کے تحت وسائل کی تقسیم کے باعث وفاقی حکومت کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق صوبوں کو وسائل کی بڑی شراکت منتقل ہونے کی وجہ سے بعض اہم قومی اور اسٹریٹجک منصوبوں کی تکمیل بھی متاثر ہوتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ختم کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی، تاہم اس پروگرام سے متعلق ایک تجویز زیر بحث ہے۔ ان کے مطابق جن مستحق افراد کا تعلق جس صوبے سے ہے، انہیں مالی معاونت کی ادائیگی متعلقہ صوبائی حکومت کرے کیونکہ آئین کی اٹھارویں ترمیم کے بعد غربت کے خاتمے اور سماجی بہبود کے کئی شعبے صوبوں کی ذمہ داری بن چکے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان اختیارات اور وسائل کی تقسیم کے حوالے سے آئینی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ کراچی کو وفاقی انتظام میں دینے یا اس کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے سے متعلق کوئی تجویز حکومت کے زیر غور نہیں اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی عملی پیش رفت ہو رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ قومی ترقی، معاشی استحکام اور عوامی فلاح کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی ناگزیر ہے

More News