کسی بھی علاقے میں 2 گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ نہ کی جائے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت کی ہے کہ کسی بھی علاقے میں 2 گھنٹے سے زیادہ بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں بجلی کی لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس ہوا، جس میں بجلی کی پیداوار، ترسیل اور صارفین کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ خطے کی حالیہ صورتحال، آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور ترسیلی مشکلات کے باعث آر ایل این جی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں بجلی کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ طلب اور رسد میں توازن برقرار رکھنے کے لیے مجبوری میں لوڈ مینجمنٹ کرنا پڑ رہی ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیے کو ہر ممکن حد تک کم رکھا جائے اور کسی بھی علاقے میں 2 گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔
شہباز شریف نے آر ایل این جی کی ترسیل میں تعطل سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی، تاکہ بجلی کی پیداوار اور ترسیل کے نظام میں بہتری لائی جا سکے۔
وزیراعظم نے بجلی کی طلب و رسد کی صورتحال کی مسلسل نگرانی اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔








