کور کمانڈر پشاور کا سنٹرل پولیس آفس کا دورہ، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ عزم کا اعادہ

کور کمانڈر پشاور کا سنٹرل پولیس آفس کا دورہ، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ عزم کا اعادہ

پشاور: کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے سنٹرل پولیس آفس پشاور کا دورہ کیا، جہاں انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا پولیس ذوالفقار حمید اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جبکہ کور کمانڈر نے پولیس شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے اور شہداء کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔

دورے کے دوران منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں آئی جی خیبر پختونخوا نے صوبے کی امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، حساس مقامات کی سکیورٹی، جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم، ڈرون اور اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال اور پولیس فورس کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی، انتہاپسندی اور جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس کی مدد سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جا رہی ہیں تاکہ ریاست کی رٹ ہر قیمت پر برقرار رکھی جا سکے۔

آئی جی پولیس نے بتایا کہ صوبے کے پانچ اضلاع میں اسمارٹ اور عوام دوست پولیسنگ کا جدید ماڈل متعارف کرایا جا رہا ہے، جسے مرحلہ وار پورے صوبے تک توسیع دی جائے گی۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت، حفاظتی سامان، رہائشی و طبی سہولیات، ویلفیئر منصوبوں اور شہداء کے خاندانوں کی فلاح کے لیے جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے خیبر پختونخوا پولیس کی بہادری، قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے پولیس فورس پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور خیبر پختونخوا پولیس باہمی تعاون، مربوط حکمت عملی اور جدید وسائل کے ذریعے دہشت گردی، انتہاپسندی اور امن دشمن عناصر کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

دورے کے اختتام پر کور کمانڈر نے پولیس جوانوں سے ملاقات کی، ان کا حوصلہ بڑھایا اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر کور کمانڈر اور آئی جی پولیس کے درمیان اعزازی شیلڈز کا بھی تبادلہ ہوا۔

More News