کچھ کھلاڑیوں کو شہرت ملتی ہے تو وہ سیکھنا بھول جاتے ہیں، چیئرمین پی سی بی
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ بعض کھلاڑی شہرت حاصل کرنے کے بعد سیکھنے کا عمل چھوڑ دیتے ہیں، حالانکہ کرکٹ ایسا کھیل ہے جس میں مسلسل محنت اور بہتری کے لیے کوششیں جاری رکھنا ضروری ہے۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انہوں نے بہت سے ایسے کرکٹرز دیکھے ہیں جو مشکل وقت آنے پر محنت کرنا چھوڑ دیتے ہیں، جبکہ کامیابی کے لیے مستقل مزاجی اور محنت بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، تاہم اسے نکھار کر تیار کرنا ایک مشکل کام ہے۔ یہ ذمہ داری صرف پی سی بی اکیلے پوری نہیں کر سکتا بلکہ فرنچائزز، کرکٹ ایسوسی ایشنز اور دیگر متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
محسن نقوی نے کہا کہ کرکٹ کے نظام میں بہتری کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں اور انہیں امید ہے کہ مستقبل میں بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔ ان کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ میں اب سفارش کی کوئی گنجائش نہیں اور کھلاڑیوں کو میرٹ کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بچیوں کو کھیلوں میں لڑکوں کے شانہ بشانہ مواقع ملنے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں کھیلوں کا بہت سا ٹیلنٹ موجود ہے، جسے سامنے لانے اور ترقی دینے کی ضرورت ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کی ترقی کے حوالے سے لاہور قلندرز کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فرنچائز پلیئرز ڈویلپمنٹ کے شعبے میں نمایاں کام کر رہی ہے۔








