گرین انڈسٹریل اکنامک زون کی منظوری، وزیراعلیٰ پنجاب نے سرمایہ کاروں کو بڑا تحفہ دیدیا

گرین انڈسٹریل اکنامک زون کی منظوری، وزیراعلیٰ پنجاب کا سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی مراعاتی پیکج

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی مراعاتی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے جدید گرین انڈسٹریل اکنامک زون کے قیام کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد کے لیے جامع ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔

یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب سے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے وفد کی ملاقات کے دوران کیا گیا، جس میں چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا نے گرین انڈسٹریل اکنامک زون کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد نے او پی ایف اور گرین انرجی گروپ کے اشتراک سے پنجاب میں عالمی معیار کا گرین اکنامک زون قائم کرنے کی تجویز پیش کی، جس کا مقصد صاف توانائی، صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنا ہے۔

بریفنگ کے مطابق مجوزہ گرین اکنامک زون میں جدید کلین انرجی انفراسٹرکچر قائم کیا جائے گا، جس میں سولر، ونڈ، ہائیڈرو، گراؤنڈ سورس انرجی، بیٹری اسٹوریج اور ایچ وی او بیک اپ سسٹمز شامل ہوں گے۔ اس منصوبے کے ذریعے صنعتوں کو ماحول دوست، کم لاگت اور پائیدار توانائی فراہم کی جائے گی، جس سے پیداواری لاگت میں کمی اور صنعتی شعبے کی استعداد میں اضافہ متوقع ہے۔

حکام کے مطابق اس منصوبے سے 18 ہزار سے زائد براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ سالانہ 5.6 ارب روپے سے زائد آمدن حاصل ہونے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ ماحول دوست مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کے ذریعے قومی مجموعی پیداوار (جی ڈی پی) میں تقریباً 1.5 فیصد اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ منصوبہ کاربن کے اخراج میں نمایاں کمی لانے اور پاکستان کے نیٹ زیرو اہداف کے حصول میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب ہر قسم کی سرمایہ کاری کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں نئی صنعتوں کے قیام کے لیے زیرو ٹائم ٹو اسٹارٹ پالیسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ ون ونڈو آپریشن کے تحت تمام این او سیز اور دیگر سرکاری اجازت ناموں کی فوری فراہمی کا مؤثر نظام بھی قائم کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کار دوست، محفوظ اور بیوروکریٹک رکاوٹوں سے پاک ماحول فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کر سکیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت کا وژن پنجاب کو گرین انڈسٹری، صاف توانائی، جدید ٹیکنالوجی اور عالمی تجارتی سرگرمیوں کا اہم مرکز بنانا ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

More News