ہیڈ لائن27 جولائی سے 10 ہفتوں کی تربیت شروع ہوگی، عدم شرکت پر ترقی متاثر ہونے کا امکان
اسلام آباد: اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گریڈ 18 اور مساوی کے 152 افسران کو 47ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے لیے نامزد کر دیا ہے۔ تربیتی پروگرام 27 جولائی سے 2 اکتوبر 2026 تک کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ میں واقع نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن میں منعقد ہوگا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق کورس کا دورانیہ 10 ہفتے ہوگا، جس کے بعد 4 ہفتوں کی خصوصی تربیت بھی دی جائے گی۔ اس پروگرام میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پولیس سروس آف پاکستان، آفس مینجمنٹ گروپ، فارن سروس، پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس، ان لینڈ ریونیو سروس، کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ، اکنامسٹ گروپ، پوسٹل گروپ سمیت مختلف وفاقی و صوبائی سروسز کے افسران شریک ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق منتخب افسران کو 27 جولائی کو متعلقہ ادارے میں رپورٹ کرنے اور تازہ سالانہ میڈیکل رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے بتایا کہ 10 ہفتوں کے کورس کی فی افسر فیس 2 لاکھ 30 ہزار روپے جبکہ 4 ہفتوں کی خصوصی تربیت کی فیس 64 ہزار 286 روپے مقرر کی گئی ہے۔ وفاقی افسران کی فیس اسٹیبلشمنٹ ڈویژن جبکہ صوبائی افسران کی فیس متعلقہ صوبائی حکومتیں ادا کریں گی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق نامزد افسران کو لازمی طور پر تربیت کے لیے ریلیو کیا جائے گا اور دورانِ تربیت دفاتر میں حاضری کی اجازت نہیں ہوگی۔ تین مرتبہ لازمی تربیت میں عدم شرکت کی صورت میں افسر کو ترقی کے لیے سپرسیڈ کرنے کی سفارش کی جا سکتی ہے۔








