گوجرانوالہ: ٹک ٹاکر بہن کے قتل کے الزام میں گرفتار ملزمہ ضمانت پر رہا
گوجرانوالہ: گوجرانوالہ کی سیشنز عدالت نے 15 سالہ لڑکی کے قتل کے الزام میں گرفتار اس کی 18 سالہ بڑی بہن کی ضمانت منظور کرتے ہوئے اسے جیل سے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
پولیس کے مطابق دونوں بہنوں کے درمیان 30 اگست کو ٹک ٹاک ویڈیوز کے ویوز کے معاملے پر مبینہ طور پر جھگڑا ہوا تھا، جس کے دوران بڑی بہن نے تیز دھار آلے سے اپنی چھوٹی بہن زوبیہ مناہل پر حملہ کیا۔ شدید زخمی ہونے والی زوبیہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی تھیں۔
واقعے کے بعد لدھے والا وڑائچ پولیس نے مقتولہ اور ملزمہ کے والد عبدالشکور خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا۔ پولیس نے قتل کے الزام میں 18 سالہ بڑی بہن کو گرفتار کرکے آلہ قتل بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ ملزمہ تقریباً آٹھ روز سے جیل میں قید تھیں۔
عدالت میں پیر کے روز ملزمہ کے والدین پیش ہوئے، جہاں والد نے عدالت کو بتایا کہ وہ اپنی بیٹی کو معاف کرتے ہیں اور مقدمے کی مزید پیروی نہیں کرنا چاہتے۔ والد کے بیان کے بعد عدالت نے ملزمہ کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ملزمہ کو رہا کرنے کا حکم جاری کیا، جس کے بعد ان کی جیل سے رہائی عمل میں آئی۔
ایف آئی آر کے مطابق عبدالشکور خان پیشے کے اعتبار سے ڈرائیور ہیں اور ان کے چھ بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ واقعے نے سوشل میڈیا کے استعمال، کم عمر افراد کے درمیان آن لائن سرگرمیوں سے پیدا ہونے والے تنازعات اور گھریلو سطح پر بڑھتے ہوئے جھگڑوں کے حوالے سے بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش کے دوران شواہد اکٹھے کیے گئے تھے اور ملزمہ کو گرفتار کرکے مبینہ آلہ قتل بھی برآمد کیا گیا۔ تاہم عدالت میں والد کی جانب سے بیٹی کو معاف کرنے اور مقدمے کی پیروی نہ کرنے کے بیان کے بعد ملزمہ کو ضمانت پر رہا کردیا گیا۔
واقعے میں 15 سالہ زوبیہ کی ہلاکت نے علاقے میں افسوس کی فضا پیدا کردی، جبکہ سوشل میڈیا پر معمولی تنازعات کے سنگین نتائج کے حوالے سے بھی بحث جاری ہے۔








