شندور پولو فیسٹیول 2026 کا رنگا رنگ آغاز، لاسپور نے غذر کو 9-0 سے شکست دے دی
شندور:ویب ڈیسک
دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ شندور میں شندور پولو فیسٹیول 2026 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی تھے، جنہوں نے فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سیاحت ملک عدیل اقبال سمیت اعلیٰ حکام، مقامی عمائدین اور بڑی تعداد میں شائقین بھی موجود تھے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے شندور پولو فیسٹیول کو پاکستان کی ثقافتی شناخت، روایتی کھیلوں کے فروغ اور سیاحت کی ترقی کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ میلہ نہ صرف روایتی فری اسٹائل پولو کی تاریخی روایت کو زندہ رکھتا ہے بلکہ ملک بھر اور بیرونِ ملک سے آنے والے سیاحوں کے لیے بھی خصوصی کشش کا باعث بنتا ہے۔
فیسٹیول کے افتتاحی میچ میں چترال کی لاسپور ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گلگت بلتستان کی غذر ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد صفر کے مقابلے میں 9 گول سے شکست دے دی۔ میچ کے دوران کھلاڑیوں کی بہترین کھیل اور جارحانہ حکمت عملی نے شائقین سے خوب داد وصول کی۔
رنگا رنگ ثقافتی سرگرمیوں، روایتی موسیقی اور کھیلوں کے مقابلوں سے سجے شندور پولو فیسٹیول میں ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے سیاح بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں۔ فیسٹیول کو خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی اور سیاحتی روابط کے فروغ کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے۔
شندور پولو فیسٹیول آئندہ چند روز تک جاری رہے گا، جس کے دوران مزید دلچسپ پولو مقابلوں اور ثقافتی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا








