نیپال میں سیلاب کی تباہی، ملبے سے کروڑوں روپے کا سونا اور نقدی برآمد
متعدد عمارتیں اور گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں، متاثرہ علاقوں میں بینکوں کو بھی شدید نقصان
نیپال میں حالیہ تباہ کن سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں، گاڑیاں اور دیگر املاک کئی فٹ ملبے تلے دب گئیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کئی کاروباری مراکز اور بینک بھی شدید متاثر ہوئے، تاہم امدادی اور ریسکیو کارروائیوں کے دوران ایک مقامی بینک کے ملبے سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا اور نقد رقم برآمد کرلی گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپال پولیس نے کئی گھنٹوں کی مسلسل کارروائی کے بعد تریشولی ڈھونگے شاخ کے ملبے میں دبے بینک لاکرز تلاش کیے۔ پولیس اہلکاروں نے بھاری مشینری اور دیگر آلات کی مدد سے بینک کے بیسمنٹ تک رسائی حاصل کی اور ملبہ ہٹانے کے بعد لاکرز کو باہر نکالا۔
پولیس کے مطابق برآمد کیے گئے لاکرز میں تقریباً 50 کروڑ نیپالی روپے مالیت کا سونا، ڈیڑھ کروڑ روپے نقد رقم اور متعدد اہم دستاویزات موجود تھیں۔ تمام قیمتی اشیا اور دستاویزات کو مزید نقصان یا چوری سے بچانے کے لیے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں اہلکاروں کو شدید متاثرہ بینک کے بیسمنٹ سے ملبہ ہٹاتے اور لاکرز نکالتے دیکھا جا سکتا ہے۔ سیلاب کے باعث علاقے میں امدادی کارروائیوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
حکام کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ تباہ شدہ انفراسٹرکچر اور املاک کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔ قدرتی آفت کے باعث کئی علاقوں میں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد اور قیمتی سامان کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ شہریوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔




