آخر متعدد پینسلوں کے پیچھے ربڑ کیوں ہوتا ہے؟

آخر متعدد پینسلوں کے پیچھے ربڑ کیوں ہوتا ہے؟

پینسل کے ساتھ ربڑ لگانے کا مقصد لکھائی کی غلطیوں کو آسانی سے مٹانا ہے

پینسل ہماری روزمرہ زندگی خصوصاً تعلیم کے دوران استعمال ہونے والی عام چیز ہے، لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ متعدد پینسلوں کے پچھلے حصے میں دھاتی چھلے کے ساتھ ربڑ کیوں لگایا جاتا ہے؟

اس کی وجہ انتہائی سادہ ہے۔ پینسل میں ربڑ کا بنیادی مقصد لکھائی کے دوران ہونے والی غلطیوں کو مٹانا اور دوبارہ درست لکھنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ خاص طور پر بچوں کے لیے یہ سہولت بہت کارآمد ثابت ہوتی ہے، کیونکہ لکھتے وقت غلطیاں ہونا معمول کی بات ہے۔

پرانے زمانے میں پینسلوں کے ساتھ ربڑ موجود نہیں ہوتا تھا، اس لیے کسی غلطی کو درست کرنا اتنا آسان نہیں تھا۔ بعد میں پینسل اور ربڑ کو ایک ہی چیز میں شامل کرنے کا خیال سامنے آیا، جس نے لکھنے کے عمل کو مزید آسان بنا دیا۔

تاریخی حوالوں کے مطابق 1850 کی دہائی میں ہائیمن لپ مین (Hymen Lipman) نے پینسل کے پچھلے سرے پر ربڑ لگانے کا تصور متعارف کرایا اور اسے تجارتی بنیادوں پر پیش کیا۔

لپ مین نے اپنے اس ڈیزائن کا پیٹنٹ بھی حاصل کیا۔ بعد ازاں انہوں نے اس پیٹنٹ کے حقوق جوزف ریکنڈورفر (Joseph Reckendorfer) کو ایک لاکھ ڈالر میں فروخت کردیے۔

وقت گزرنے کے ساتھ پینسل کے پچھلے حصے میں ربڑ ایک عام خصوصیت بن گیا۔ آج یہ نہ صرف طلبہ بلکہ فنکاروں، ڈیزائنرز اور مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کے لیے بھی فوری طور پر غلطیاں درست کرنے کا آسان ذریعہ ہے۔

یوں پینسل کے پچھلے سرے پر موجود ایک چھوٹا سا ربڑ دراصل لکھائی کے دوران ہونے والی غلطیوں کو آسانی سے درست کرنے کی ایک سادہ مگر مؤثر ایجاد ہے۔

More News