یونیورسٹی آف پشاور پاکستان اسٹڈی سینٹر کے دو اساتذہ کی ترقی
ڈاکٹر خان فقیر ایسوسی ایٹ پروفیسر جبکہ ڈاکٹر طارق امین اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر ترقی پا گئے
پشاور: یونیورسٹی آف پشاور کے پاکستان اسٹڈی سینٹر کے دو اساتذہ کو ان کی تدریسی، تحقیقی اور علمی خدمات کے اعتراف میں ترقی دے دی گئی۔
پاکستان اسٹڈی سینٹر کے بورڈ آف گورنرز کی سفارشات کی روشنی میں ڈاکٹر خان فقیر کو ایسوسی ایٹ پروفیسر جبکہ ڈاکٹر طارق امین کو اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔
ڈاکٹر خان فقیر اس سے قبل پاکستان اسٹڈی سینٹر میں اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہوں نے تاریخ کے شعبے میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے اور انہیں 18 سال سے زائد تدریسی و تحقیقی تجربہ حاصل ہے۔
ڈاکٹر خان فقیر کی خصوصی مہارت مطالعہ پاکستان، سیاسی تاریخ، آئین سازی، گورننس اور پاکستان کے عدالتی و قانونی اداروں کی تاریخ میں ہے۔ ان کے تحقیقی موضوعات میں پاکستان کی عدلیہ کا ارتقاء، انتظامیہ اور عدلیہ کے تعلقات، آئینی پیش رفت، خیبر پختونخوا میں گورننس، انسانی حقوق اور قانونی و ادارہ جاتی تاریخ شامل ہیں۔
وہ قومی اور بین الاقوامی جرائد میں 50 سے زائد تحقیقی مقالے شائع کر چکے ہیں جبکہ متعدد ایم فل اور پی ایچ ڈی اسکالرز کی تحقیقی نگرانی بھی کر رہے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان اسٹڈی سینٹر سے 2015 سے بطور لیکچرار وابستہ ڈاکٹر طارق امین کو بھی اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔ وہ تدریسی، تحقیقی اور دیگر علمی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
پاکستان اسٹڈی سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شہباز خان، فیکلٹی ارکان، انتظامی عملے اور طلبہ نے دونوں اساتذہ کو ترقی ملنے پر مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں اساتذہ اپنی تدریسی و تحقیقی خدمات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پاکستان اسٹڈی سینٹر کی علمی اور ادارہ جاتی ترقی میں مزید اہم کردار ادا کریں گے۔




