پراپرٹی کی خرید و فروخت کرنے والوں کے لیے بڑی سہولت، رجسٹری کا ریکارڈ اب آن لائن دستیاب
ROD پورٹل کے ذریعے شہری رجسٹری کی کاپی گھر بیٹھے تلاش، ڈاؤن لوڈ اور مقررہ فیس آن لائن ادا کرسکیں گے
پراپرٹی کی خرید و فروخت کرنے والے شہریوں کے لیے اہم سہولت متعارف کرا دی گئی ہے، جس کے تحت اب رجسٹری آف ڈیڈز (ROD) پورٹل کے ذریعے رجسٹری کا ریکارڈ آن لائن تلاش کرنے کے ساتھ اس کی کاپی بھی ڈاؤن لوڈ کی جاسکے گی۔
نئے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شہریوں کو رجسٹری ریکارڈ کے حصول کے لیے متعلقہ سرکاری دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ پورٹل پر رجسٹری کی تلاش، اکاؤنٹ بنانے اور مقررہ فیس کی ادائیگی سمیت مختلف مراحل آن لائن مکمل کیے جاسکتے ہیں۔
رجسٹری کیسے تلاش کی جائے؟
رجسٹری کی کاپی تلاش کرنے کے لیے صارف کو پہلے متعلقہ ضلع اور تحصیل کا انتخاب کرنا ہوگا۔ اس کے بعد دستیاب فلٹرز میں سے کسی ایک کو استعمال کرتے ہوئے مطلوبہ ریکارڈ تلاش کیا جاسکے گا۔
ریکارڈ کی تلاش کے لیے خریدار، فروخت کنندہ یا کمیشن سے متعلق شناختی کارڈ نمبر، نام یا رجسٹری نمبر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ مطلوبہ معلومات درج کرنے کے بعد ’تلاش کریں‘ کے بٹن پر کلک کرکے دستیاب ریکارڈ دیکھا جاسکے گا۔
پورٹل کے مطابق دستیاب ریکارڈ ضلعی رجسٹری ریکارڈز کے اسکین شدہ ڈیٹا سیٹس پر مشتمل ہیں۔ اگر کسی شہری کی رجسٹری پورٹل پر موجود نہ ہو تو اسے متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
آن لائن اکاؤنٹ کیسے بنایا جائے؟
رجسٹری تلاش کرنے کے لیے صارف کو پہلے پورٹل پر لاگ اِن کرنا ہوگا۔ نئے صارف ’رجسٹر کریں‘ کے آپشن کے ذریعے اپنا اکاؤنٹ بناسکتے ہیں۔
رجسٹریشن کے دوران درست ای میل ایڈریس فراہم کرنا ضروری ہوگا۔ اکاؤنٹ کی تصدیق کے لیے صارف کو ای میل موصول ہوگی، جس میں موجود لنک پر کلک کرنے کے بعد اکاؤنٹ فعال ہوجائے گا۔
اکاؤنٹ فعال ہونے کے بعد صارف لاگ اِن کرکے متعلقہ رجسٹری تلاش کرسکے گا اور دستیاب تفصیلات دیکھ سکے گا۔
رجسٹری کی کاپی کے لیے فیس کیسے ادا ہوگی؟
رجسٹری کی کاپی پرنٹ یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے مرحلے پر صارف کو چالان نمبر اور PSID فراہم کیا جائے گا۔ مقررہ فیس موبائل ادائیگی کی مختلف سہولیات، جن میں جاز کیش اور ایزی پیسہ بھی شامل ہیں، کے ذریعے ادا کی جاسکے گی۔
ادائیگی مکمل ہونے کے بعد شہری پورٹل کے ذریعے رجسٹری کی کاپی ڈاؤن لوڈ کرسکے گا۔
پورٹل انتظامیہ نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ رجسٹریشن اور ریکارڈ تلاش کرتے وقت درست معلومات فراہم کریں۔ غلط یا جعلی معلومات استعمال کرنے کی صورت میں اکاؤنٹ بلاک کیا جاسکتا ہے، جبکہ ادائیگی بھی فراہم کردہ معلومات کے مطابق ہی کی جائے گی۔
ڈیجیٹل رجسٹری ریکارڈ کی یہ سہولت شہریوں کے لیے پراپرٹی سے متعلق دستاویزات تک رسائی آسان بنانے کی جانب اہم قدم ہے، جس سے وقت کی بچت کے ساتھ سرکاری دفاتر میں غیر ضروری آمدورفت بھی کم ہونے کی توقع ہے۔








