پیسکو کا نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن، 29 ٹرانسفارمرز سے بجلی منقطع
پشاور: پیسکو ٹیم اور اسسٹنٹ کمشنر متنی نے بجلی کے نادہندگان کے خلاف مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے 29 ٹرانسفارمرز سے بجلی منقطع کردی۔
ترجمان پیسکو کے مطابق مذکورہ ٹرانسفارمرز سے منسلک صارفین پر مجموعی طور پر 7 کروڑ 18 لاکھ روپے کے بجلی واجبات بقایا ہیں، جن کی عدم ادائیگی پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران اسسٹنٹ کمشنر متنی نے واجبات کی عدم ادائیگی پر 2 افراد کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیئے۔
پیسکو کا کہنا ہے کہ نادہندگان کی جانب سے بقایا بجلی کے واجبات جمع کرانے کے بعد متعلقہ ٹرانسفارمرز کی بجلی بحال کردی جائے گی۔
پیسکو ترجمان کے مطابق بجلی چوری اور واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔








