پنجاب میں کرپشن کے خلاف گرینڈ آپریشن، خفیہ سیل قائم، گرفتاریاں شروع

پنجاب میں کرپشن کے خلاف گرینڈ آپریشن، خفیہ سیل قائم، گرفتاریاں شروع

پنجاب حکومت نے کرپشن، بدعنوانی، رشوت خوری اور اختیارات سے تجاوز کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کردیا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کارروائیوں کی ذاتی نگرانی کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومت کی جانب سے کرپشن کے خلاف کارروائیوں کے لیے خفیہ سیل بھی قائم کردیا گیا ہے اور وزیراعلیٰ کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت گرفتاریاں شروع ہونے کی اطلاع ہے۔ مریم نواز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کرپشن، رشوت یا اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق معلومات ہیلپ لائن پر فراہم کریں، ہر شکایت پر کارروائی کی جائے گی اور شکایت کنندہ کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کی ایک اطلاع کرپشن اور رشوت خوری کے پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کرسکتی ہے۔ ان کے مطابق لوٹی گئی رقم کی مکمل ریکوری تک کارروائی جاری رہے گی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ کرپشن صرف پیسے کی چوری نہیں بلکہ عوام کے حق اور اعتماد کی چوری بھی ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے جدید مانیٹرنگ نظام استعمال کیا جائے گا تاکہ سرکاری فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوام کا اعتماد حکومت کا سب سے بڑا اثاثہ ہے اور اس پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز شفاف طریقے سے خرچ نہ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلان کیا کہ اچھی کارکردگی دکھانے والوں کو سی ایم میرٹ بیج دیا جائے گا، جبکہ کرپشن میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کا پیسہ خورد برد کرنے والے ہر شخص کے خلاف کارروائی ہوگی اور کرپشن کے مقدمات میں عہدہ، تعلق یا سفارش کسی کو تحفظ فراہم نہیں کرسکے گی۔

پنجاب حکومت کے مطابق آپریشن کا بنیادی مقصد سرکاری اداروں میں بدعنوانی کا خاتمہ، عوامی وسائل کا تحفظ اور حکومتی نظام میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔

More News