اپر چترال کی صحافی برادری عوامی مسائل اور ترقیاتی عمل کو مؤثر انداز میں اجاگر کرے، ثریا بی بی
پشاور: ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی ثریا بی بی نے اپر چترال کی صحافی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ عوامی مسائل کی مؤثر نشاندہی کے ساتھ ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور حکومتی اقدامات کو بھی ذمہ دارانہ اور مثبت انداز میں اجاگر کرے۔
صوبائی اسمبلی کے جرگہ ہال میں اپر چترال پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے ثریا بی بی نے کہا کہ پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں کی ترقی کے لیے حکومت، عوام اور میڈیا کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اپر چترال اس وقت ترقی کے نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے جبکہ سیلاب سے متاثرہ سڑکوں، پلوں، واٹر چینلز اور دیگر بنیادی انفراسٹرکچر کی بحالی بھی ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے۔
ثریا بی بی کے مطابق اپر چترال میں نرسنگ کالج، ایف ایم ریڈیو اسٹیشن اور بڑی شاہراہوں کی تعمیر جیسے منصوبے علاقے کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔
تقریب میں پشاور یونیورسٹی شعبہ صحافت کی چیئرپرسن ڈاکٹر مہناز گل، پشاور پریس کلب کے صدر ریاض خان، ایڈیشنل آئی جی خالد خان، ایڈیشنل سیکرٹری حیات شاہ، سابق وزیر وزیرزادہ اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔






