کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی، فاطمہ ثناء پر جرمانہ عائد
قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء پر آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔
فاطمہ ثناء کو دو سال کے دوران دوسری مرتبہ ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے۔ ان پر یہ کارروائی آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی پر کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق فاطمہ ثناء نے بھارتی بیٹر شفالی ورما کو آؤٹ کرنے کے بعد پویلین کی جانب اشارہ کیا، جسے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
اس خلاف ورزی کے نتیجے میں پاکستانی کپتان کو میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ ادا کرنا ہوگا، جبکہ ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک اور ڈی میرٹ پوائنٹ شامل ہوگیا ہے۔
فاطمہ ثناء قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی اہم کھلاڑی اور کپتان ہیں، تاہم گزشتہ دو سال کے دوران انہیں دوسری مرتبہ ڈی میرٹ پوائنٹ ملنے کے بعد ان کے ڈسپلنری ریکارڈ پر بھی توجہ مرکوز ہوگئی ہے۔
آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کا مقصد کھلاڑیوں کے رویے اور کھیل کے دوران نظم و ضبط کو برقرار رکھنا ہے۔ کھلاڑیوں کی جانب سے مخالف ٹیم کے کھلاڑیوں کے خلاف نامناسب یا اشتعال انگیز اشاروں اور رویے پر ضابطے کے تحت کارروائی کی جاسکتی ہے۔
فاطمہ ثناء پر جرمانے کا فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان اور بھارت کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان مقابلوں میں شائقین کی دلچسپی بھی نمایاں رہتی ہے۔








