سندھ اسمبلی میں لیوی ٹیکس ختم کرنے کی قرارداد منظور
سندھ اسمبلی نے لیوی ٹیکس کے خاتمے کیلئے وفاقی حکومت سے مطالبے کی قرارداد منظور کرلی۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اویس قادر شاہ کی زیر صدارت ہوا، جس میں جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق نے لیوی ٹیکس ختم کرنے کی قرارداد پیش کی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ سندھ اسمبلی وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ عوام پر عائد لیوی ٹیکس ختم کیا جائے۔ ارکان کی جانب سے قرارداد پر بحث کے بعد ایوان نے اسے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے مؤقف اختیار کیا کہ لیوی ٹیکس کا معاملہ وفاقی حکومت سے متعلق ہے اور سندھ حکومت اسے براہ راست ختم نہیں کرسکتی۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ سندھ حکومت لیوی ٹیکس کے خاتمے کیلئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کرسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے حتمی اختیار وفاقی حکومت کے پاس ہے۔
جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں وفاق سے مطالبہ کیا گیا کہ لیوی ٹیکس کے نفاذ پر نظرثانی کرتے ہوئے اسے ختم کیا جائے تاکہ عوام کو مالی بوجھ سے ریلیف مل سکے۔
سندھ اسمبلی کی جانب سے قرارداد کی منظوری کے بعد اب وفاقی حکومت سے اس معاملے پر کارروائی اور فیصلہ کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ تاہم لیوی ٹیکس کے خاتمے کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کی جانب سے ہی کیا جائے گا۔








