سینیٹ کی موبائل ایپلی کیشن لانچ کردی گئی، یوسف رضا گیلانی نے افتتاح کردیا

سینیٹ کی موبائل ایپلی کیشن لانچ کردی گئی، یوسف رضا گیلانی نے افتتاح کردیا

اسلام آباد: پاکستان کے ایوان بالا سینیٹ کی موبائل ایپلی کیشن باقاعدہ لانچ کردی گئی۔ قائم مقام صدر مملکت اور سینیٹ کے سابق چیئرمین یوسف رضا گیلانی نے موبائل ایپلی کیشن کا افتتاح کرتے ہوئے اسے پارلیمانی ادارے کی ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل میں اہم پیش رفت قرار دیا۔

لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سینیٹ موبائل ایپ کا اجرا محض ایک نئی ایپلی کیشن متعارف کرانے کا اقدام نہیں بلکہ کام کرنے اور سوچنے کے جدید انداز کی جانب اہم قدم ہے۔ ان کے مطابق اس اقدام سے عوامی خدمت کے نئے عزم کے ساتھ سینیٹ کی ڈیجیٹل تبدیلی کا سفر مزید آگے بڑھے گا۔

قائم مقام صدر نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور جدت کو اپنانا موجودہ دور کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ پارلیمانی اداروں کو بھی تیزی سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی کے ساتھ قدم ملا کر چلنا ہوگا تاکہ ادارہ جاتی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جاسکے اور عوام کو جدید سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سینیٹ کی موبائل ایپلی کیشن جدید پارلیمانی ادارے کی تشکیل میں معاون ثابت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ سے نہ صرف سینیٹ کے امور کو بہتر انداز میں منظم کرنے میں مدد ملے گی بلکہ ارکان پارلیمنٹ کی کارکردگی پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ سینیٹ سیکریٹریٹ پہلے ہی ای آفس نظام اپنا چکا ہے، جس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔ موبائل ایپلی کیشن بھی اسی وسیع تر ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کا حصہ ہے، جس کا مقصد پارلیمانی امور میں جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال یقینی بنانا ہے۔

سینیٹ کی موبائل ایپلی کیشن کے اجرا کو پارلیمانی نظام میں شفافیت، جدیدیت اور عوامی رسائی کے حوالے سے اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے سینیٹ سے متعلق معلومات اور پارلیمانی سرگرمیوں تک رسائی مزید آسان بنانے کی توقع ہے۔

قائم مقام صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سینیٹ جدید ٹیکنالوجی کو اپناتے ہوئے اپنے نظام کو مزید مؤثر بنائے گا اور ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کے مطابق ادارہ جاتی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے گا۔

More News