ملائیشین وزیراعظم کا پاکستان پر دہشت گردی کا الزام ماننے سے انکار

ملائیشین وزیراعظم کا پاکستان پر دہشت گردی کا الزام ماننے سے انکار

دہلی: ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے پاکستان پر بھارت میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہونے کے الزام کو ماننے سے صاف انکار کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم ان دنوں برکس اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت میں موجود ہیں، جہاں ایک بھارتی میڈیا انٹرویو کے دوران میزبان نے پہلگام واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان پر ریاستی دہشت گردی کا الزام عائد کرنے کی کوشش کی۔

تاہم انور ابراہیم نے اس الزام کی تائید کرنے کے بجائے دوٹوک مؤقف اختیار کیا۔ ملائیشین وزیراعظم نے کہا کہ بحیثیت وزیراعظم وہ ان حقائق کی بنیاد پر بات کرسکتے ہیں جو ریاستی اداروں کی جانب سے فراہم کیے گئے ہوں۔

انور ابراہیم کے مطابق ملائیشیا کے انٹیلی جنس اداروں نے کبھی ایسی کوئی رپورٹ فراہم نہیں کی جس میں یہ ثابت ہوتا ہو کہ پاکستان بھارت میں کسی ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے۔

ملائیشین وزیراعظم کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان دہشت گردی اور پہلگام واقعے کے حوالے سے الزامات اور جوابی الزامات کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کے واضح مؤقف نے بھارتی میڈیا کے انٹرویو میں پاکستان کے خلاف الزام کو تقویت دینے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

انٹرویو کے دوران انور ابراہیم نے فلسطین کے معاملے پر بھی واضح مؤقف اختیار کیا۔ انہوں نے فلسطین پر اسرائیلی قبضے اور نہتے فلسطینی عوام پر جاری بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری کی توجہ انسانی بحران کی جانب مبذول کرائی۔

More News