کے الیکٹرک نے 17 گھنٹوں بعد دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی بجلی بحال کر دی

کے الیکٹرک نے 17 گھنٹوں بعد دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی بجلی بحال کر دی

کراچی میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے بعد کے الیکٹرک نے 17 گھنٹوں بعد دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے بیشتر فیڈرز کی بجلی بحال کر دی، جس کے بعد شہر میں پانی کی فراہمی بھی بحال ہونا شروع ہوگئی۔

واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق تھرڈ فیز، فورتھ فیز اور کے تھری پمپس ہاؤس کے ایک فیڈر کی بجلی بحال کردی گئی ہے، جبکہ کے تھری پمپس ہاؤس کا ایک فیڈر تاحال بحال نہیں ہوسکا۔ اس فیڈر کی بحالی کے لیے کے الیکٹرک کی جانب سے اقدامات جاری ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ بجلی کی بحالی کے فوراً بعد متاثرہ 10 میں سے 8 پمپس فعال کردیئے گئے، جس کے بعد پانی کی فراہمی دوبارہ شروع کردی گئی۔ بجلی کی بندش کے باعث کراچی کو تقریباً 198 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صبح 6 بجے کے الیکٹرک کے سسٹم میں کیبل فالٹ کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا تھا۔ بجلی کی فراہمی متاثر ہونے سے دھابیجی کے 21 میں سے 10 پمپس غیر فعال ہوگئے تھے، جس کے نتیجے میں کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کی سپلائی متاثر ہوئی۔

بجلی کی مکمل بحالی کے بعد تمام متاثرہ پمپس فعال ہونے اور شہر میں پانی کی فراہمی معمول پر آنے کی امید ہے۔

More News