ایپل نے پہلی بار پاکستان میں گورنمنٹ افیئرز کیلئے نمائندہ مقرر کردیا

ایپل نے پہلی بار پاکستان میں گورنمنٹ افیئرز کیلئے نمائندہ مقرر کردیا

اسلام آباد: عالمی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے پہلی بار پاکستان میں گورنمنٹ افیئرز کے معاملات دیکھنے کے لیے سلمان ڈار کو اپنا نمائندہ مقرر کردیا ہے۔ سلمان ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم لنکڈ اِن پر اپنی نئی ذمہ داری کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پاکستان میں ایپل کے گورنمنٹ افیئرز سے متعلق معاملات کی قیادت کریں گے۔

سلمان ڈار کے مطابق ان کی ذمہ داریوں میں پاکستان میں ریگولیٹری اداروں، پالیسی سازوں اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ایپل کے روابط کو سپورٹ کرنا شامل ہوگا۔ ان کی تعیناتی کو پاکستان میں ایپل کی موجودگی اور حکومتی و ریگولیٹری معاملات میں کمپنی کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ تقرری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان حکومت عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو ملک میں سرمایہ کاری اور مقامی سطح پر موبائل فونز سمیت دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز کی تیاری اور اسمبلی کی جانب راغب کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے ٹیکنالوجی کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے اور مقامی مینوفیکچرنگ کو فروغ دینے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

حکومتی سطح پر ایپل کو بھی پاکستان میں آئی فون کی مقامی پیداوار یا اسمبلی شروع کرنے پر آمادہ کرنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اس مقصد کے لیے ریگولیٹری ماحول کو بہتر بنانے، کاروباری سہولیات میں اضافہ کرنے اور سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

ماہرین کے مطابق کسی بڑی عالمی ٹیکنالوجی کمپنی کی جانب سے پاکستان میں گورنمنٹ افیئرز کے لیے باقاعدہ نمائندہ مقرر کرنا اس بات کی علامت ہوسکتا ہے کہ کمپنی ملک میں پالیسی اور ریگولیٹری معاملات کو زیادہ منظم انداز میں دیکھنا چاہتی ہے۔ اس سے حکومتی اداروں کے ساتھ رابطہ کاری اور ٹیکنالوجی سے متعلق پالیسی معاملات پر بات چیت کا عمل بھی آسان ہوسکتا ہے۔

پاکستان میں اسمارٹ فونز اور دیگر ٹیکنالوجی مصنوعات کی مارکیٹ میں گزشتہ برسوں کے دوران نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ حکومت مقامی اسمبلی اور مینوفیکچرنگ کو فروغ دے کر نہ صرف درآمدی دباؤ کم کرنا چاہتی ہے بلکہ ملک میں روزگار، ٹیکنالوجی منتقلی اور سرمایہ کاری کے مواقع بھی بڑھانے کی خواہاں ہے۔

ایپل کی جانب سے پاکستان میں گورنمنٹ افیئرز کے لیے نمائندے کی تعیناتی کو اسی وسیع تر تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم پاکستان میں آئی فون کی مقامی پیداوار یا اسمبلی کے حوالے سے ایپل کی جانب سے کوئی حتمی اعلان سامنے نہیں آیا۔

More News