کوہاٹ: دہشتگردوں کے خلاف آپریشن مکمل، 8 دہشتگرد ہلاک
کوہاٹ: پرانی پولیس لائنز کی مسجد پر دھماکے کے بعد عمارت میں داخل ہونے والے دہشتگردوں کے خلاف پولیس، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کا مشترکہ آپریشن مکمل ہوگیا، کارروائی میں مجموعی طور پر 8 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
ایلیٹ فورس کمانڈوز، سی ٹی ڈی ٹیمز اور سکیورٹی فورسز نے رات بھر جاری رہنے والے آپریشن کے بعد عمارت کے اہم حصے کلیئر کرلیے۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، آر پی او کوہاٹ اور ڈی پی او کوہاٹ نے آپریشن کی قیادت کی جبکہ جی او سی کوہاٹ بھی موقع پر موجود رہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید خود جائے وقوعہ پر موجود رہے اور جوانوں کا حوصلہ بڑھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ خودکش بمبار نے قانون کے رکھوالوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے گئے۔
آئی جی پی نے آپریشن میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے انعامات کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کے جانباز جوان قوم کا فخر ہیں، دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔








