پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، عطا تارڑ

پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دے گی اور ہر صورت قانون کی عمل داری یقینی بنائی جائے گی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کے حوالے سے کہا کہ حکومت بھرپور انداز میں امن و امان برقرار رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے آج تک پرامن احتجاج کا طرزِ عمل نہیں اپنایا، پارٹی کو ہوش کے ناخن لینے چاہییں، بصورت دیگر ایسے نتائج سامنے آسکتے ہیں جنہیں وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

عطا تارڑ نے عمران خان کی بہنوں کی گرفتاری سے متعلق سوال پر کہا کہ انہیں مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا، جس کے مطابق وہ امن و امان خراب کرسکتی تھیں۔

مذاکرات کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی کی قیادت اور فیصلہ سازی کے عمل پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں بات چیت کے لیے کسی ایک فریق کا تعین مشکل ہے۔

انہوں نے بیرسٹر گوہر کے کردار پر بھی تنقید کی اور مذاکرات کی افادیت پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو پی ٹی آئی کی زبان پر اعتبار نہیں ہے۔

عطا تارڑ کے مطابق حکومت امن و امان کے قیام اور قانون کی عمل داری کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔

More News