ججز کے لیے سبز سرکاری نمبر پلیٹ کے استعمال پر پابندی، نقل و حرکت کی نگرانی کا حکم
پشاور: خیبرپختونخوا میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے جوڈیشل افسران اور عدالتی عملے کے تحفظ کے لیے حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
چیف جسٹس کی ہدایت پر پشاور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور بنچوں کے ایڈیشنل رجسٹرارز کو مراسلہ جاری کردیا ہے۔
مراسلے میں تمام ریجنل پولیس افسران (آر پی اوز) کے تعاون سے ججز کی نقل و حرکت کی کڑی نگرانی اور ان کی سکیورٹی کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سکیورٹی انتظامات کے تحت ججز کی گاڑیوں پر سبز سرکاری نمبر پلیٹ کے استعمال پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
ہائیکورٹ کی جانب سے جاری ہدایات میں متعلقہ پولیس حکام کو جوڈیشل افسران کی آمدورفت کے دوران سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق موجودہ سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں ججز اور عدالتی عملے کی نقل و حرکت سے متعلق معلومات کی نگرانی اور حفاظتی اقدامات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ متعلقہ پولیس افسران کو ہائیکورٹ کی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔








