پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، اجتماعات پر پابندی

پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، اجتماعات پر پابندی

لاہور: پنجاب حکومت نے عوامی امن و امان اور جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی، جس کا اطلاق 23 ستمبر سے 5 اکتوبر تک ہوگا۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی مقامات، شاہراہوں اور کھلی جگہوں پر 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، جلسے، جلوس، ریلی اور دھرنے پر پابندی ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی مقامات پر اسلحہ لے جانے اور اس کی نمائش، جبکہ غیر قانونی اجتماعات میں شرکت کے لیے لوگوں کو اکسانے یا ترغیب دینے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ کے مطابق شادی کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین، مساجد اور دیگر عبادت گاہیں اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔ عدالتیں، سرکاری ادارے اور باضابطہ اجازت سے ہونے والی تقریبات بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔

حکام کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلیجنس ایجنسیوں اور ڈیوٹی پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

محکمہ داخلہ کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے موصول ہونے والی فوری نوعیت کے خطرات کی اطلاعات اور انٹیلیجنس رپورٹس کی بنیاد پر کیا گیا ہے، جن میں عوامی اجتماعات کو ممکنہ دہشت گرد حملوں کا ہدف قرار دیا گیا ہے۔

More News